ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے: عراقچی
وزیر خارجہ نے ایران کی زمینی سرحدیں بند کرنے کے امریکی ارادے کے اعلان اور اس سلسلے میں صوبائی سفارت کاری کے کردار سے متعلق ارنا کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ وسیع تعلقات اور ملک کے وسیع رقبے سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر ایران کی زمینی ناکہ بندی تقریباً ناممکن ہے۔
سحرنیو/ایران:وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پیر کے روز ایک نشست میں کہا کہ ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، چاہے اس کی وجہ ملک کا وسیع رقبہ ہو یا صوبوں کی کثرت، جن میں سے ہر ایک مختلف صلاحیتوں کا حامل ہے، ہمسایہ ممالک کے صوبوں کے ساتھ وسیع روابط ہوں، سرحد کے دونوں جانب لوگوں کی بہت زیادہ آمد و رفت ہو یا عوامی تعلقات اور تاریخی و ثقافتی جڑیں ہوں۔ ملک کے صوبوں، بالخصوص ہمارے سرحدی صوبوں میں ایسی صلاحیتیں موجود ہیں کہ جن راستوں کو دشمن ہمارے لیے بند کرنا چاہتا ہے، ان صوبوں کے ذریعے انھیں کھولا جا سکتا ہے۔
انھوں نے ہمسایہ ممالک میں ایران کے صوبائی دفاتر اور سفارت خانوں کے درمیان رابطہ کاری کے طریقۂ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ کے صوبائی دفاتر کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ صوبوں کے حکام، اقتصادی عہدیداروں اور اقتصادی شعبے سے وابستہ افراد کے ساتھ مل کر کام کریں، صلاحیتوں کی نشاندہی کریں اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ان کے روابط قائم کریں۔ اسی طرح ہمسایہ ممالک میں ہمارے سفارت خانوں کو بھی ان روابط کے قیام میں مدد فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
وزیر خارجہ نے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام اداروں اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمنوں کو پابندیاں عائد کرنے اور دباؤ ڈالنے کی طرف سے مایوس کر دیں۔ دباؤ کا مقابلہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پابندیاں عائد کرنے والوں کو ان کے مقاصد کے حصول کی طرف سے مایوس کر دیا جائے تاکہ وہ جان لیں کہ یہ حربہ نہ تو اب کارگر ہے اور نہ ہی آئندہ کارگر ہوگا۔ البتہ اس کا مطلب وزارت خارجہ کی دوسری ذمہ داری، یعنی مذاکرات اور پابندیوں کے خاتمے کے لیے سفارتی راستے کھولنے کو ترک کرنا نہیں ہے۔ یہ راستہ بھی اپنی جگہ جاری ہے لیکن ہمارا ماننا ہے کہ بنیادی مشن یہ ہے کہ ملک کی مزاحمت اور استقامت کی صلاحیت اس حد تک پہنچ جائے کہ اصولی طور پر ایران پر پابندیاں عائد کرنے کا معاملہ ہی بے معنی ہو جائے اور کوئی یہ نہ سوچ سکے کہ مزید اقتصادی دباؤ اور پابندیوں کے ذریعے ایرانی قوم کو جھکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel