Jul ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد پر یمن کے حملے

یمن کے جوابی حملوں میں سعودی اتحاد کے دو سو سے زائد فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

یمنی ذرائع کے حوالے سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوب مغربی یمن میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کے ایک مرکز پر میزائل سے حملہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ میزائل سعودی اتحاد کے فوجیوں کے آپریشن روم پر گرا جس میں مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے سعودی اتحاد کے ایک سو اناسی فوجی ہلاک ہو گئے ۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صوبہ الجوف میں اتوار کو سعودی اتحاد کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق یمن کے جوابی حملے میں سعودی اتحاد کے بہت سے فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے ۔

یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے دستوں نے سعودی اتحاد کا ایک اور حملہ صنعا کے علاقے نہم میں ناکام بنایا ہے ۔ نہم میں سعودی اتحاد کے فوجیوں سے یمنی افواج کی جھڑپ میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہوںے کی خبر ہے۔ اس لڑائی میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کی کئی بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے علاقے سحار پر بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں ممکنہ طور پر ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

ٹیگس