Jun ۰۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۵ Asia/Tehran
  • مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے: عمران خان

پاکستان کے وزہراعظم نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، مغربی دنیا مسلمانوں کے احساسات کا احترام کرے اور اسلامو فوبیا سے باہر نکلے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے دہشت گردی کو معصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا، نیوزی لینڈ واقعے نے ثابت کیا دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، اسلامی دنیا کو سائنس اور ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینی ہوگی، بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے، مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ تامل ٹائیگرز حملوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں جوڑا، اظہار آزادی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیا جاسکتا، مسلم دنیا کی قیادت مغربی دنیا کو قائل کرے۔

پاکستان کے وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔

اجلاس کے موقع پرپاکستان کے وزیر اعظم نے افغانستان اور مصر کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں۔

افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پرامن اور پائیدار افغانستان کے حوالہ سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان میں سیاسی حل کیلئے افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں امن عمل کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ٹیگس