بحرین اور قطر پھر آمنے سامنے
بحرین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ قطرکے اقدامات کا فوری مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اسپوٹنک نیوز کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے قطر کو دہشت گردوں کا حامی ملک قراردیتے ہوئے دعوی کیا کہ قطرکے اقدامات کا فوری مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
بحرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ قطر کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے خلاف ٹھوس مؤقف اختیار کریں۔
بحرینی وزیر خارجہ نے قطر کے ٹی وی چینل الجزیرہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الجزیرہ بحرین کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی سرپرستی میں بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر کے خلاف گذشتہ دو برس سے اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ تمام سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع کررکھے ہیں۔ مذکورہ ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا ہے جسے قطر نے سختی سے مسترد کیا ہے ۔