حزب اللہ لبنان نے حشدالشعبی پر امریکی حملے کی مذمت کی
خطے کی استقامتی تنظیموں نے عراق میں الحشد الشعبی کے مراکز پر امریکا کی دہشت گرد فوج کے فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ ان قوتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے جو عراق میں داعش کا مقابلہ کرنے کی پوری طاقت رکھتی ہیں ۔
حزب اللہ لبنان نے کہا کہ امریکہ نے عراق کی دشمنی کے حوالے سے اپنا چہرہ بےنقاب کردیا ہے اور جن لوگوں نے یہ حماقت کی ہے وہ جلد ہی اس کے نتائج بھی دیکھ لیں گے۔
بیروت کے علماء کی تنظیم نے بھی ایک بیان میں عراق کی رضاکار فورس حشدالشعبی پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ استقامتی محاذ کو کمزور کرنا چاہتا ہے اور یہ حملہ ، صیہونی حکومت کے ساتھ اس کے مشترکہ مفادات کے تناظر میں انجام پایا ہے۔
بحرین کے سیاسی گروہوں نے بھی ایک بیان میں عراق میں حشدالشعبی کے مراکز پر امریکی حملے کی مذمت کی اور اسے عراق کے اقتداراعلی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
بحرین کے چودہ فروری اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حشدالشعبی کے مراکز پر امریکی حملہ ، عراق کے اقتداراعلی ، خودمختاری اور اس کے وقار پر ضرب ہے۔
یمن کی تحریک انصار اللہ نے بھی پیر کوایک بیان جاری کر کے سرحدی شہر القائم میں عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے مراکز پر امریکی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔