Jan ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • عراق کے بعض علاقوں میں جاری بدامنی

عراق میں، دہشت گرد امریکی فوجیوں کی مخالفت شدید سے شدید تر ہوتی جارہی ہے۔ عراق کے معروف مذہبی و سیاسی رہنما مقتدی صدر نے آئندہ جمعے کو نوٹو امریکہ ملین مارچ کی کال دی ہے جس کی عراق کی سبھی سیاسی اور استقامتی جماعتوں اور تنظیموں نے حمایت کی ہے۔ اس دوران امریکہ نے ایک بار پھرعراق میں بلوا اور بدامنی پھیلانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

ایسے عالم میں جب عراقی عوام امریکہ مخالف ملین مارچ کی تیاری کر رہے ہیں عراق کے مختلف علاقوں میں بعض عرب رجعت پسند حکومتوں اور امریکہ سے وابستہ عناصر کے ہاتھوں بدامنی پھیلانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ 
 
دارالحکومت بغداد اور بعض جنوبی و مرکزی شہروں میں لوگوں نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر اور بعض شہروں میں اندرون شہر اور بیرون شہر جانے والی سڑکوں کو بند کر کے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا۔
 
دوسری جانب عراقی فوج کے آپریشنل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ کچھ سیکورٹی اہلکار، ایسے مشکوک و نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں زخمی بھی ہوئے ہیں جن کے ہاتھوں میں سائلنسر لگے ہتھیار تھے۔ 
صوبہ ذیقار کے صدر مقام ناصریہ میں مظاہرین کی ایک تعداد نے مسلسل دوسرے روز بھی ناصریہ بغداد روڈ کو جو دارالحکومت بغداد کو عراق کے شمالی صوبوں سے ملاتی ہے، بند رکھا ہے۔ 
اس روڈ کے بند ہونے کے نتیجے میں بصرہ بندرگاہ اور بغداد سمیت شمالی عراق کے دیگر شہروں کو جانے والے مال بردار ٹرکوں کی رفت و آمد میں کافی دشواری پیش آئی۔
صوبہ میسان کے صدر مقام العمارہ میں مشکوک گروہوں نے اس صوبے میں جبری ہڑتال کرائی تاہم وہ میڈیکل مراکز اور بلدیاتی خدمات اور اداروں کو بند کرانے میں ناکام رہے۔ نجف اشرف میں بھی مظاہرین نے سڑکوں، چوراہوں، پلوں اور بعض اسکولوں کو بند کر کے اپنا احتجاج جاری رکھا تاہم شہریوں کی معمول کی زندگی اور سرگرمیاں جاری رہیں۔ 
ان کوششوں کے باوجود عوام کی بڑی تعداد کی جانب سے مظاہرین کا ساتھ نہ دینے کے باعث بلوائیوں کو اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیابی نہیں ملی اور بغداد سمیت جنوبی و مرکزی عراق کے اکثر شہروں کے اسکول اور سرکاری دفاتر نے معمول کے مطابق اپنا کام جاری رکھا۔ 
بعض عراقی ممبران پارلیمنٹ نےحالیہ دنوں رونما ہونے والی افرا تفری و بدامنی کا عامل امریکہ کو قرار دیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراقی عوام، آئندہ جمعے کو امریکہ کے خلاف ملین مارچ کی تیاری کر رہے ہیں۔

ٹیگس