Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۱ Asia/Tehran
  • عرب ممالک اور عالمی برادری عملی اقدامات کرے: تحریک حماس

تحریک حماس کے رہنما نےعالمی برادری اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو غرب اردن کے مزید علاقوں کو مقبوضہ سر زمینوں میں ضم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد سے روکنے کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدام کریں۔

صیہونی حکومت سینچری ڈیل منصوبے کی بنیاد پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت سے جولائی کے اوائل میں غرب اردن کے تیس فیصد علاقوں کو مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں ضم کرنا چاہتی ہے۔

تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان جاری کر کے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ غرب اردن کے تیس فیصد علاقوں کو مقبوضہ زمینوں میں شامل کرنے سے روکنے کے لئے امریکہ اور صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے۔

تحریک حماس کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صرف سیاسی و صحافتی موقف اختیار کرنے پر اکتفا نہیں کرنا چاہئے کہا کہ صیہونی حکومت کو بین الاقوامی اتحاد کے مقابلے میں سرکشی کی عادت پڑ چکی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم محمد اشتیہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر صیہونی کابینہ غرب اردن پر غاصبانہ قبضہ کرنے کے منصوبے سے دست بردار نہیں ہو گی تو فلسطینی انتظامیہ نیا راستہ اختیار کرے گی۔

دنیا کے بہت سے ممالک کے حکام اور سیاسی و مذہبی شخصیات نے غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ زمینوں میں ضم کرنے کے صیہونی حکومت کے منصوبے کی مذمت کی ہے۔

دوسری جانب غرب اردن کے مختلف شہروں منجملہ رام اللہ میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے مظاہرے کر کے فلسطینی زمینوں پر قبضہ کرنے کے صیہونی منصوبے کی مذمت کی ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے رام اللہ کے المنارہ اسکوائر پر مظاہرے کر کے غرب اردن کو مقبوضہ زمینوں میں ضم کرنے کی مخالفت کا اعلان کیا ۔

پی ایل او کی ایکزیکٹیو کمیٹی کے رکن واصل ابویوسف کا کہنا ہے کہ پوری ملت فلسطین امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کی مخالف ہے۔ فلسطین کی تحریک الفتح کے نائب سربراہ محمود العالول نے بھی کہا ہے کہ ملت فلسطین صیہونی حکومت کے ساتھ معاہدے کو قبول نہیں کرتی اور خود مختار فلسطینی حکومت کی تشکیل اور مکمل آزادی تک اپنی جائز جد و جہد کو جاری رکھے گی۔

ٹیگس