Jun ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • سبھی امریکی فوجیوں کے انخلا کا معاملہ ہمارے مد نظر ہے: عراق

عراق کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ سے اسٹریٹیجک مذاکرات میں عراق سے سبھی امریکی فوجیوں کے انخلا کا مسئلہ شامل ہے۔

عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف نے کہا ہے کہ مشترکہ بیان کی بنیاد پر مذاکرات میں امریکیوں نے بغداد سے ہم آہنگی کے ساتھ عراق سے بتدریج فوجی انخلا پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ الصحاف نے کہا کہ عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا ہم آہنگی کے ساتھ انجام پائے گا تاکہ اِس انخلا کے بارے میں عراقی پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل پر مکمل طور پر عمل درآمد ہو سکے۔

عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ مذاکرات کے علاوہ امریکہ اور عراق کے مذاکرات کار کمیٹیوں کے درمیان جولائی میں بھی بات چیت ہو گی۔ فریقین کے درمیان پہلے دور کے مذاکرات جمعرات کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شروع ہوئے جبکہ ان مذاکرات میں زیر بحث آنے والا ایک اہم ترین مسئلہ، عراق سے امریکی فوج کا انخلا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق عراق میں اس وقت چھے سے نو ہزار امریکی دہشتگرد موجود ہیں۔

امریکہ کی دہشت گرد حکومت کے ہاتھوں ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر  جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی شہادت کے بعد عراق کے ارکان پارلیمنٹ نے پانچ جنوری کو ملک سے امریکی دہشتگردوں کے انخلا کے بل کی منظوری دی ہے۔

دریں اثنا عراقی ذرائع نے ایک سیکورٹی ذریعے کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ جنوب مشرقی صلاح الدین کے علاقے الاسحاقی کے مضافاتی علاقے میں داعش دہشت گرد  گروہ کے باقی بچے عناصر نے ایک حملہ کیا ہے جس میں فائرنگ کے علاوہ ہلکے ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا گیا۔ اس حملے میں صلاح الدین کے ڈپٹی گورنر کا ایک محافظ زخمی ہوا ہے۔

داعش دہشت گرد گروہ نے صوبے دیالہ کے صدر مقام بعقوبہ کے شمال مشرقی علاقے جلولا کے مضافات میں ام الحنطہ نامی علاقے پر بھی حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں علاقے کے قریب واقع باغات پر مارٹر گولے داغے گئے۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے پورے علاقے میں تلاشی شروع کر دی ہے۔

حالیہ مہینوں کے دوران عراق کے بعض صوبوں منجملہ کرکوک، صلاح الدین اور دیالہ میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقیماندہ عناصر کے حملے تیز ہو گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی با ضابطہ شکست کے باوجود اس گروہ کے بچے کچھے عناصر روپوش ہو گئے ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائی کر ڈالتے ہیں تاہم عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ان کا صفایا کرنے کے لئے کاروائیاں شروع کر رکھی ہیں جن کے دوران اب تک دسیوں دہشت گرد ہلاک اور گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

 

ٹیگس