Jun ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۶ Asia/Tehran
  • یمن نے پھر سعودی عرب کو دی کھلی دھمکی، مزید حملوں کے لئے رہے تیار

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے خبردار کیا ہے کہ اگر سعودی عرب نے یمن کے خلاف جنگ کا خاتمہ نہیں کیا تو سعودی عرب کے اہم اور حساس اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے سعودی عرب کے خلاف یمن کے میزائلی اور ڈرون حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب کا آپریشن، دفاع کے قانونی حق کے تناظر میں انجام دیا گیا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے رکن نے سعودی عرب کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ گزشتہ شب کے حملے میں سویلین اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے تاکید کی کہ تمام اہداف فوجی تھے اور سعودی عرب جو یہ دعوی کر رہا ہے کہ سویلین اہداف کو نشانہ بنایا گیا، صحیح نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میزائیلوں اور ڈرون نے اپنے اہداف کو دقت سے نشانہ بنایا اور اس بات کے مد نظر کہ جہاں حملے کئے گئے وہاں بڑی تعداد میں فوجی موجود تھے اسی لئے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ دشمنوں کو بہت نقصان ہوا ہے۔

واضح رہے کہ یمنی فوج کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرکے سعودی عرب پر کئے گئے حملوں کی تفصیلات جاری کی ۔

یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل یحیی السریع نے منگل کے روز ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ یمنی فوج نے اللہ پر اعتماد کرتے ہوئے سعودی دشمن کے دار الحکومت ریاض پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاض پر کئے گئے اس حملے میں سعودی عرب کی وزارت دفاع، انٹلیجنس کی وزارت، کنگ سلمان ائیربیس، متعدد فوجی ٹھکانوں اور جیزان و نجران میں بھی متعدد فوجی چھاونیوں کو نیست و نابود کر دیا گیا۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فوجی کاروائی میں بڑی تعداد میں قدس اور ذوالفقار بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور اسی طرح ڈرون طیاروں کا استعمال کیا گیا۔

یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حملہ، عظیم یمنی قوم کے ظالمانہ اور جارحانہ محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں بتایا کہ ہم دشمن کو ہر طرح کے حملے، جرائم اور ظالمانہ محاصرے کو جاری رکھنے پر خبردار کرتے ہیں۔

یحیی السریع نے کہا کہ جب تک یمن کے خلاف حملے اور محاصرے کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اور یمن کی ارضی سالمیت اور آزادی کو یقینی نہیں بنایا جاتا، تب تک ہم پوری طاقت کے ساتھ اپنی کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

ٹیگس