Jun ۲۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۰ Asia/Tehran
  • واہ رے انصاف، ظالم کے بجائے مظلوم کی مذمت

یورپی یونین نے یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیتوں کی مذمت کرنے کے بجائے یمنیوں کی جانب سے سعودی جرائم کے جواب میں کئے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔ 

یورپی یونین نے جمعرات کو ایک بیان میں یمنی افواج کی جانب سے سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض پر متعدد میزائل حملوں کی مذمت کی حالانکہ یہ یونین یمن کے مظلوم عوام پر سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں پر خاموش ہی رہتا ہے۔ 

یمنی فوج اور عوامی تحریک انصار اللہ نے جارح سعودی اتحاد کے جرائم کے جواب میں منگل کے روز علی الصباح سعودی عرب کے دار الحکومت سمیت اس ملک کے مختلف حساس علاقوں اور فوجی چھاونیوں پر میزائل اور ڈرون حملے کئے تھے۔

یمنی فوج کا کہنا ہے کہ جب تک یمن پر حملے اور اس ملک کا محاصرہ ختم نہیں ہوتا تب تک جارح طاقتوں کی اقتصادی تنصیبات اور حساس ٹھکانوں پر حملے جاری رہیں گے۔  

سعودی عرب کی جانب سے یمن کی ہر طرح کی ناکہ بندی کے باوجود، اس ملک کی فوج اور رضاکار فورس کی طاقت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں یونسکو کی کمیٹی نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی علاقائی و مقامی ایجنسیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمنی بچوں کا ساتھ دیں ، ان کے پامال شدہ حقوق کی بحالی کی کوشش کریں،  سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمنی بچوں کے قتل عام کا سائنسی بنیادوں پر پتہ لگانے کی کوشش کریں اور اس کے جرائم کا کیس عالمی فوجداری عدالت میں بھیجیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوترش نے پندرہ جون کو ایک مشکوک اقدام کے تحت جارح سعودی اتحاد کا نام جو یمنی بچوں کے قتل عام کی بنا پر بچوں کی قاتل حکومتوں کی بلیک لسٹ میں شامل تھا ، اس فہرست سے باہر نکال دیا ہے۔

ٹیگس