Jun ۲۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۰۲ Asia/Tehran
  • عراقی حزب اللہ پر حملہ ناقابل قبول: نوری مالکی

عراقی حزب اللہ کے دفتر پر حملے اور 13 جوانوں کے اغوا پر عراق کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور رہنماوں نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

عراق کے سابق وزیراعظم نوری مالکی نے اپنے ٹوئیٹر بیان میں حزب اللہ عراق کے مرکز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ عراق پر حملہ ناقابل قبول ہے۔

نوری المالکی نے کہا کہ حشد الشعبی فورسز عراقی عوام کے دل کی دھڑکن ہیں جنھوں نے عراق سے داعش دہشت گرد تنظیم کے خاتمے میں اہم اور بنیادی کردار ادا کیا۔

عراق کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں حشد الشعبی اور انقلابی فورسز کا احترام کرنا چاہیے اور ان کے مقام و منزلت  کی عزت اور حفاظت کرنی چاہیے ۔ حشد الشعبی نے عراق کے عوام کے دفاع کے سلسلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اس درمیان عراق کی تنظیم عصائب اہل الحق کے رہنما جواد الطلیباوی نے حزب اللہ عراق کے مرکز پر دہشت گرد امریکی فوجیوں کے حملے کو آگ سے کھیلنے کے مترادف اور اس کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ میں الحکمت پارٹی کے نمائندے حسن فدعم نے بھی کہا ہے کہ حزب اللہ عراق کے مرکز پر حملہ اور اس تنظیم کے کمانڈروں کا اغوا ایک اشتعال انگیز اقدام ہے اور اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔  ٹوئٹر پر کچھ عرب صارفین نے بھی " مجاہدین ہماری ریڈ لائن ہیں جیسے ہیش ٹیگ کے ذریعے رضاکار فورس حشدالشعبی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی کامیابیوں کے بعد امریکہ اور صیہونی حکومت نے عراق کے مختلف علاقوں میں الحشدالشعبی کے مراکز کو کئی بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور اس طرح عراق میں دہشت گرد گروہوں کو ایک بار پھر دہشت گردانہ کارروائیاں تیز کرنے کے لئے اکسانے کی ناکام کوشش کی ہے۔

واضح رہے کہ دہشت گرد امریکی فوجیوں نے چالیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ بغداد کے الدورہ علاقے میں قائم حزب اللہ عراق کے دفتر پر حملہ کرکےاس تنظیم کے تیرہ کمانڈروں اور جوانوں کو اغوا کر لیا جس کے بعد الحشد الشعبی کے جوان بغداد کے انتہائی سیکورٹی والے علاقے گرین زون میں داخل ہوگئے۔

عراقی ذرا‏ئع کے اعلان کے مطابق الحشد الشعبی نے بغداد کے گرین زون میں داخل ہو کر دہشت گرد امریکی فوج کو خبردار کیا ہے کہ اگر حزب اللہ کے اغوا کئے گئے کمانڈروں اور جوانوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ دہشت گرد امریکیوں کے خلاف ہمہ گیر جنگ شروع کردیں گے۔

بغداد کے سخت سیکورٹی والے الخضراء علاقے یا گرین زون میں امریکہ اور برطانیہ کے سفارت خانے اور اہم سرکاری دفاتر واقع ہیں۔

ٹیگس