Aug ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • افغانستان میں قومی کونسل کے نمائندوں کی طلبی

افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان کو امن مشاورتی لویہ جرگہ میں شرکت کے لئے طلب کر لیا ہے۔

 افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے بدھ کے روز امن مشاورتی اجلاس، لویہ جرگہ کے انعقاد کے بارے میں افغانستان کی سینیٹ کے چیئرمین فضل ہادی مسلم یار اور سینیٹ کے انتظامی امور کے کمیٹی ارکان سے گفتگو کی ہے۔اس ملاقات میں افغانستان کی سینیٹ کے چیئرمین اور کمیٹی ارکان نے افغانستان میں قیام امن سے متعلق مسائل میں تعاون کے بارے میں یقین دلایا ہے۔

افغانستان کا امن لویہ جرگہ آئندہ جمعے کو تشکیل پانے والا ہے۔ لویہ جرگہ میں طالبان کے باقی بچے قیدیوں کی رہائی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔افغانستان کے آئین کی بنیاد پر کابل کی حکومت، طالبان کے پانچ ہزار قیدیوں میں سے باقی بچے چار سو قیدیوں کو رہا کرنے کا اختیار نہیں رکھتی اور اس سلسلے میں لویہ جرگہ کو ہی کوئی فیصلہ کرنا ہو گا۔دوسری جانب افغان سیکورٹی اہلکاروں نے داعش دہشت گرد گروہ کے ایک سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔

کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان فواد امان نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ افغان خصوصی سیکورٹی فورس نے داعش دہشت گرد گروہ کے غیر ملکی عناصر کو بیرونی ممالک سے افغانستان منتقل کرنے والے اس گروہ کے انچارج محمد سعید کو صوبے کنڑسے گرفتار کر لیا۔فواد امان کا کہنا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کا یہ سرغنہ صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں جیل خانے پر ہونے والے حالیہ حملے کا منصوبے ساز رہا ہے۔

تین روز قبل داعش دہشت گرد گروہ کے گیارہ عناصر نے جلال آباد میں سینٹرل جیل پر حملہ کر دیا تھا جہاں ان کی سیکورٹی اہلکاروں سے شدید جھڑپ بھی ہوئی تھی۔اس جھڑپ میں داعش دہشت گرد گروہ کے یہ تمام عناصر اور تقریبا تیس سیکورٹی اہلکار اور عام شہری ہلاک ہو گئے تھے۔شام اور عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے بعد امریکہ اور بعض مغربی و عرب ممالک اس دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کو افغانستان منتقل کر کے ان کی بھرپور مدد و حمایت کر رہے ہیں تاکہ علاقے میں اپنے مفادات کے لئے ان دہشت گرد عناصر کو استعمال کر سکیں۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس