یمن کے رہائشی علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کی پھر بمباری
جارح سعودی اتحاد نے ایک بار پھر یمن کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے جمعے کی شب صوبہ مآرب کے العبدیہ اور صوبہ البیضا کے ناطق اور الملاجم کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ابھی تک ان حملوں سے ہونے والے جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی یمن کے المسیرہ ٹی وی نے خبر دی تھی کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا۔
رہائشی علاقوں پر بمباری سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا معمول بن چکا ہے۔ گزشتہ ساڑھے پانچ سال سے یمن کو سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی شدید زمینی، سمندری اور فضائی جارحیت کا سامنا ہے۔ جنگ کے نتیجے میں اب تک جہاں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دربدر ہو کر بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے وہیں یمن کے عوام کو کورونا وائرس سمیت مختلف قسم کے وبائی امراض کا بھی سامنا ہے۔
اس وقت سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے سبب یمن کی بنیادی تنصیبات تباہ ہو کر رہ گئی ہیں اور حتیٰ اسپتال، طبی مراکز، مساجد اور اسکولز بھی جارح دشمن کے حملے سے محفوظ نہیں رہ سکے ہیں۔ اس وقت یمنی عوام کو شدید طور پر غذا، دوا اور ایندھن جیسی دیگر ضروریات زندگی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔