Sep ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
  • یمن میں جارح سعودی و امریکی  جرائم کی مذمت

یمنی بچوں اور خواتین کے حقوق کی حامی تنظیم نے صوبہ مارب کے ماہلیہ علاقے میں جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یمنی بچوں اور خواتین کے حقوق کی حامی تنظیم انتصاف نے سنیچر کو ایک بیان جاری کرکے یمن کے صوبہ مارب کے شہر ماہلیہ کے تجارتی علاقے میں جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد جان بو جھ کر بچوں اور خواتین کو نشانہ بنارہا ہے - یمنی بچوں اور خواتین کے حقوق کی حامی تنظیم انتصاف نے یمن میں تمام وحشیانہ جرائم کا ذمہ دار جارح سعودی اتحاد کو قراردیا جن میں بچے اور خواتین نشانہ بنائےجارہے ہیں ۔

تنظیم نے جارح سعودی اتحاد کے سرغنوں اور افراد کے خلاف تحقیقات اور مقدمات کا مطالبہ کیا ہے جو ان جرائم میں شریک ہیں ۔ مذکورہ تنظیم نے بین الاقوامی اداروں کی خاموشی اور ان جرائم کے سلسلے میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے ذریعے کوئی ذمہ داری ادا نہ کئے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کے اس طرح کے رویّے سے یمن میں عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ حملوں کے تعلق سے سعودی اور امریکی اتحاد مزید گستاخ ہوگیا ہے-

اس درمیان یمنی باشندوں نے ملک میں اماراتی و صیہونی فوجیوں کی موجودگی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق یمن کی مستعفی حکومت کے بعض سفارتکاروں نے خبر دی ہے کہ یمن کے سقطریٰ جزیرے کے باشندوں نے وہاں موجود متحدہ عرب امارات اور غاصب صیہونی ٹولے کے فوجیوں کی موجودگی اور ان کے فوجی اڈوں کے قیام کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ان جارح فوجیوں کے انخلا اور ان کے فوجی اڈوں کو وہاں سے ہٹائے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ سقطریٰ نامی جزیرہ یمن کے جنوب میں آبنائے باب المندب پر واقع ہے۔ اسٹریٹیجک حیثیت کے حامل اس جزیرے میں غاصب صیہونی ٹولہ، غدار متحدہ عرب امارات کی مدد سے وہاں اپنے جاسوسی مراکز قائم کرنے کے درپے ہے۔اُدھر یمنی ذرائع نے خبر دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران الحدیدہ صوبے میں ایک سو پچاس مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جاسوس طیاروں نے شارع الخمسین اور الدریہمی میں تیرہ مرتبہ اڑان بھری جبکہ الفارہ اور حیس نامی علاقوں میں پانچ جنگی طیاروں کو اڑتے دیکھا گیا اور الحدیدہ شہر کی فضاؤں میں بھی جارح دشمن کے جاسوس طیارے انیس مرتبہ پرواز کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

 

ٹیگس