لبنان کے نامزد وزیر اعظم مستعفی
لبنان کے نامزد وزیر اعظم مصطفی ادیب نے کابینہ کی تشکیل سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
لبنانی ذرائع کے مطابق صدر میشل عون سے ملاقات کے بعد قصر بعبدا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نامزد وزیر اعظم مصطفی ادیب نے حکومت سازی سے دستبرداری کا با ضابطہ اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر واضح ہو گیا ہے کہ وہ سمجھوتہ جس کی خاطر میں نے کابینہ کی تشکیل کا بیڑہ اٹھایا تھا سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔ مصفطی ادیب کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے میری پیش کردہ شرائط بھی پوری نہیں کیں۔
انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں
قابل ذکر ہے کہ مصطفی ادیب کو وزیر اعظم حسان دیاب کے استعفے کے بعد ملک کا نیا وزیر اعظم نامزد کیا گیا تھا۔
چار اگست کو لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے ہولناک دھماکے کے بعد وزیر اعظم حسان دیاب اور ان کی کابینہ نے استعفی دے دیا تھا۔ اس دھماکے میں دو سو کے قریب افراد ہلاک اور ساڑھے چھے ہزار سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔