عراق میں میزائل حملوں میں امریکی سفارتخانہ ملوث ہے: عراقی رضاکار فورس
عراقی رضاکار فورس کی سید الشہداء بریگیڈ نے تاکید کی ہے کہ عراق میں راکٹ اور میزائل حملوں میں امریکی سفارتخانہ ملوث ہے۔
عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی سید الشہداء بریگیڈ کے ترجمان کاظم الفرطوسی نے پیر کے روز شفق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس پختہ ثبوت ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ عراق میں امریکی سفارتخانہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے راکٹ حملے کروا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا، عراق کے حالات کو خراب کرنے اور ملک کی رای عامہ کو متاثر کرنے کے درپے ہے۔
عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی سید الشہداء بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ ان اقدامات کے ذریعے اپنے لئے جواز پیش کرنا چاہتا ہے تاکہ ماضی کی طرح ایک بار پھر وہ مزاحمتی گروہوں اور رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر حملے کرے۔
کاظم الفرطوسی کا کہنا تھا کہ حالیہ راکٹ حملہ امریکی ایجنٹوں نے کیا، جو دار الحکومت بغداد کے رضوانیہ علاقے کے ایک گھر پر کیا گیا جس میں کچھ خواتین اور بچوں سمیت سات عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
اس سے پہلے عراق کے اسلامی استقامتی گروہوں نے ایسے حملوں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی سفارت خانے پر کیے جانے والے راکٹ حملوں کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔