Dec ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی لاپرواہی پر انصاراللہ کی تنقید

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں صافر بحری جہاز کی بگڑتی حالت کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی لاپرواہی پر کڑی تنقد کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے ٹوئٹ کیا ہے کہ صافر بحری جہاز کی حفاظت اور تعمیر و مرمت کے سلسلے میں اقوام متحدہ کا کردار، اس کی لاتعلقی اور لا پرواہی کا ترجمان ہے جو اس عالمی ادارے کے شایان شان نہیں ہے۔

اس ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعا نے اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی جانب سے دستخط کئے جانے کا منتظر ہے تاکہ صافر بحری آئل ٹینکر کے تحفظ اور اس کی تعمیر و مرمت کا کام شروع ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز کی بگڑتی صورت حال بڑے خطرات کی حامل ہے جس کے نتائج کی پوری ذمہ داری اقوام متحدہ پر ہو گی۔

واضح رہے کہ صافر بحری آئل ٹینکر گزشتہ چار برسوں سے الحدیدہ میں راس عیسی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے جس میں دس لاکھ بیرل سے زائد مآرب کا لائٹ آئل بھی موجود ہے اور گذشتہ چار برسوں کے دوران اس بحری جہاز کی تعمیر و مرمت کا کوئی کام انجام نہیں پایا ہے۔

ٹیگس