Feb ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • ایئرلائنز اپنے طیارے سعودی ایئرپورٹس کی طرف نہ بھیجیں: انصار اللہ یمن

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اپنے ملک کے خلاف سعودی ہوائی اڈوں کے استعمال کے پیش نظر ان ایرپورٹس کو استعمال کرنے والی تمام ایئرلائنز کو خبردار کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سینیئر رکن محمد البخیتی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ تمام ایرلائنز کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ سعودی ہوائی اڈوں کا استعمال نہ کریں اس لئے کہ ان ہوائی اڈوں کو یمن کے خلاف جارحیت اور اس ملک کے خلاف محاصرے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے اور اسی بنا پر یہ ہوائی اڈے جوابی کاروائی کے لئے قانونی طور پر یمنی مسلح افواج کے نشانے پر ہیں۔

انہوں نے یمن کے دفاع اور جارح ملکوں کے خلاف استقامت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن، جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کا خواہاں ہے  تاہم جنگ کو یکطرفہ طور پر بند نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ابہا ائرپورٹ پر یمنی فورسز کے مبینہ ڈرون حملوں سے آل سعود پر بوکھلاہٹ طاری ہوگئی ہے۔

ماضی میں صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور وہاں موجود مسافر طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنانے والے سعودی اتحاد کو  یمنی جیالوں کے ڈرون حملوں نے ناکو چنے چبوا دیئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون  حملے میں طیاروں کو نقصان پہنچا اور پروازیں معطل ہوگئیں۔

یاد رہے کہ سعودی اتحاد نے امریکا، اسرائیل اور یورپ کی  حمایت سے پانچ سال سے زا‏ئد عرصے سے یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ جارح سعودی اتحاد نے امریکا اور یورپ کی مدد سے یمن کا چو طرفہ محاصرہ بھی کر رکھا ہے اور یمنی عوام کے لئے ایندھن اور انسان دوستانہ امداد میں بھی رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا کے صارفین نے ’’امریکہ بحری آئل ٹینکروں کو روک رہا ہے‘‘، کا ہیشٹیگ ٹرینڈ کرتے ہوئے سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کے تیل بردار بحری جہازوں کو روکے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان صارفین نے تاکید کی ہے کہ ان بحری جہازوں کو روکا جانا بحری قزاقی اور بین الاقوامی دہشت گردی کے مترادف ہے جس کا ارتکاب امریکہ اور اس کی حمایت سے سعودی اتحاد کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

صارفین نے امریکی صدر جوبائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی حمایت بند کرنے سے متعلق اپنے فیصلے کا فوری طور پر نفاذ کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے دنیا کے تمام حریت پسندوں نے اپیل کی ہے کہ وہ یمن کے خلاف جارحیت میں سرگرم ملکوں پر دباؤ ڈالیں۔

ٹیگس