امریکی وفد سے بالواسطہ مذاکرات تعمیری نہیں تھے: انصار اللہ
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے ایک رکن نے عمان میں امریکی وفد کے ساتھ انصار اللہ کے نمائندوں کی حالیہ ملاقات کے بارے میں کہا کہ یہ ملاقات براہ راست نہیں ہوئي اور نشست کا ماحول بھی مثبت نہیں تھا۔
محمد البخیتی نے المیادین ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات تیسرے فریق کے ذریعے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہوئي۔ انھوں نے بتایا کہ نشست کا ماحول بھی مثبت نہیں تھا کیونکہ امریکی جنگ کو یکطرفہ طور پر ختم کیے جانے کے خواہاں تھے جسے ہم نے مسترد کر دیا۔ روئٹرز نیوز ایجنسی نے گزشتہ ہفتے رپورٹ دی تھی کہ امریکی حکام نے عمان کے دارالحکومت میں یمن کی قومی نجات کی حکومت کے عہدیداروں سے مذاکرات کیے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیداروں نے یمن کی فوج اور رضاکار فورسز سے مطالبہ کیا کہ وہ مآرب کو آزاد کرنے کا آپریشن بند کریں اور سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات شروع کریں۔ البخیتی نے اپنے انٹرویو میں مآرب کے محاذ پر یمنی فوج اور رضاکار فورس کی پیشقدمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مآرب کی لڑائي، یمن کی جنگ اور زمینی جھڑپوں کے سلسلے میں فیصلہ کن ہے۔