Apr ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • یمن ؛  شہر مآرب کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت

یمن کے صوبے مآرب میں اس ملک کی مسلح افواج کی تیز رفتار پیش قدمی کے ساتھ ہی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شہر مآرب کے رہائشی علاقوں کو شدید ترین حملوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شہر مآرب کے مختلف علاقوں خاص طور سے صرواح پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

 جارح سعودی اتحاد نے یہ وحشیانہ بمباری ایک ایسے وقت کی ہے  جب یمن کی مسلح افواج، مآرب کے مختلف علاقوں میں پیش قدمی کر رہی ہیں۔ یمن کی مسلح افواج نے شہر مآرب کے مغرب میں واقع الفجوہ میں خاص طور سے تیز رفتار پیش قدمی کی ہے۔

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی جانب سے شہر مآرب کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کا اصل مقصد یمن کی مسلح افواج کی پیش قدمی کو روکنا ہے۔

ادھر یمن کے خلاف جنگ میں شرکت نہ کرنے پر تین سعودی فوجیوں کو پھانسی دیئے جانے کے بعد سعودی عرب میں حزب اختلاف کی جماعت حزب مخالف التجمع الوطنی نے ایک بیان میں یمن میں جنگ بندی  کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس جنگ کا نتیجہ تمام فریقوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ اور کچھ نہیں نکلا ہے اور اس جنگ میں خاص طور سے سعودی عرب اور یمن کو بہت زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حزب التجمع الوطنی نے اپنے بیان میں یمن کے خلاف جنگ سے بچنے اور یمنی عوام پر بمباری کرنے سے انکار کرنے نیز یمن کی بنیادی تنصیبات کو تباہ کرنے سے گریز کرنے پر مستقبل میں اور سعودی فوجیوں کو سزائے موت دیئے جانے پر سخت خبردار کیا اور کہا  ہے کہ یمن کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ سعودی فرمانروا سلمان اور ولیعہد بن سلمان کا رہا ہے جس میں صرف طاقت نمائی کی کوشش کی گئی ہے اور ملک کے مفادات اور سعودی عوام کے مسائل کو بالکل نظرانداز کر دیا گیا۔

سعودی عرب کی حزب اختلاف کی جماعت نے اپنے بیان میں اس بات کی یاد آوری بھی کرائی ہے کہ سعودی فوجیوں کو ایسی حالت میں تختہ دار پر لٹکایا جا رہا ہے کہ  یمن کی  جنگ میں سعودی فوجیوں کے حوصلے بالکل پست ہوچکے ہیں -

سعودی عرب کی وزارت جنگ نے حال ہی میں ایک بیان میں یمن کے خلاف شرکت سے منع کرنے پر تین سعودی فوجیوں کو سزائے موت دے دئے جانے کی خبردی تھی  دریں اثنا پریس ذرائع نے یمن کے مشرقی صوبے المہرہ کے ہوائی اڈے پر امریکی میرین فوجیوں کے اترنے کی خبر دی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے یہ میرین فوجی، مشرقی یمن کے صوبے المہرہ کے الغیضہ بین الاقوامی ایرپورٹ پہنچے ہیں اور وہ سعودی اتحاد کے زیرکنٹرول علاقوں میں تعینات ہو گئے ہیں۔

گذشتہ جنوری کے مہینے میں بھی امریکہ اور برطانیہ کے  فوجی المہرہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے تھے ۔

 

ٹیگس