Apr ۲۶, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں میں جھڑپیں متعدد زخمی و گرفتار

مقبوضہ بیت المقدس میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کرتی جارہی ہیں اور کل ہونے والی جھڑوں میں متعدد زخمی و گرفتار ہو گئے۔

القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے آج پیر کے روز کہا کہ مسجد الاقصی کے باب العامود علاقے میں ایک بار پھر صیہونیوں نے فلسطینیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے اور 3 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

القدس العربی چینل کے مطابق پیر کی صبح  مسجد الاقصی کے باب العامود پر فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ایک بار پھر جھڑپیں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے باب العامود پر عبادت کی غرض سے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر حملہ کردیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوجیوں نے کم سے کم تین فلسطینی نوجوانوں کو اغوا بھی کرلیا ہے۔

فلسطین کی ریڈ کریسنٹ کمیٹی کے مطابق، اسرائیلی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونیوں کے ظلم اور جارحیت کے خلاف مشرقی بیت المقدس سے شروع ہونے والے مظاہرے پورے مقبوضہ فلسطین میں پھیل گئے ہیں۔ بیت المقدس میں غاصب صیہونی دہشتگردوں اور فلسطینیوں کے درمیان اتوار کو بھی شدید جھڑپیں ہوئیں اور فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں کم سے کم 12 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔

صیہونی فوجی پرامن فلسطینی مظاہرین کو سرکوب کرنے کے لیے جنگ میں استعمال ہونے والی گولیاں، اشک آور گیس اور صوتی بموں کا آزادانہ استعمال کر رہے ہیں۔ فلسطین کی انجمن ہلال احمر کے مطابق، جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات بھی بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 105 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 21 کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے فوجیوں نے ماہ مبارک رمضان کے آغاز سے ہی فلسطینیوں کے لیے مسجد الاقصی کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی اور انھیں اس کے اطراف میں ہر طرح کے اجتماعات کرنے سے روک دیا ہے جس کے بعد سے بیت المقدس میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کرگئی ہیں۔
مقبوضبہ بیت المقدس میں پچھلے کئی روز سے فلسطینی مظاہرین کے ساتھ صیہونی فوجیوں کے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ روزہ دار فلسطینی ، صیہونی فوجیوں کے ظالمانہ اقدامات اور مسجد الاقصی میں تخریبی کارروائیوں کےخلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔

ٹیگس