Jun ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بدستور قائم، قیدیوں کے تبادلے کا عمل بھی معطل کیا

یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مغربی صوبے الحدیدہ میں جارح سعودی اتحاد نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران جنگ بندی کی اناسی بار خلاف ورزی کی ہے۔

یمنی فوج کے مطابق سعودی اتحاد اور اس کے آلۂ کار فوجی اہلکاروں نے مختلف قسم کے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

سوئیڈن سمجھوتے کے مطابق اٹھارہ دسمبر دو ہزار اٹھارہ کو مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے مگر سعودی اتحاد نے ایک دن بھی اس معاہدے کا پاس و لحاظ نہ رکھا۔

جنگ یمن کے ‍خاتمے کے لئے اب تک کئی بار کوششیں انجام پا چکی ہیں مگر سعودی اتحاد اور اس کے آلہ کاروں کی خلاف وزیوں کی بنا پر اب تک کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی، قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے ‍چی‍ئرمین نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے اپنے آلہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ یمن کے دونوں فریقوں کے درمیان چار سو قیدیوں کے تبادلے کے لئے مقامی سطح پر طے پانے والے سمجھوتے پر عمل کرنا بند کر دیں۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی، مذکورہ کمیٹی کے ‍چی‍ئرمین عبدالقادر المرتضی نے کہا ہے کہ اپنے آلہ کاروں کو سعودی عرب کی اس قسم کی ہدایات، اس بات کا باعث بنی ہیں کہ مختلف محاذوں پر قیدیوں کے تبادلے کا عمل رک  جائے-

قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں بین الاقوامی مصالحتکاروں کی نگرانی میں صنعا حکومت اور یمن کی مستعفی حکومت کے درمیان مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں جبکہ سعودی عرب مقامی قیدیوں کے تبادلے میں بھی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

سوئیڈن سمجھوتے کے مطابق قیدیوں کا تبادلہ باضابطہ طور پر انجام پانا تھا مگر جو چیز رکاوٹ کا باعث بنی ہے وہ سعودی اتحاد کے آلہ کاروں کے مابین میدانی تبدیلیاں ہیں جن کے باعث ان کے بیچ دھڑے بندی جاری ہے اور ان کے درمیان جاری اختلافات قیدیوں کے تبادلے میں بھی رکاوٹ پیدا کئے ہوئے ہیں۔

ٹیگس