Aug ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • بغداد میں امریکی سفارت خانہ فوجی چھاؤنی ہے، اسکا انخلا ضروری ہے: تحریک النجباء

عراق کی استقامتی تحریک النجبا نے کہا ہے کہ سرزمین عراق پر امریکہ کی کسی بھی طرح کی فوجی موجودگی ایک دشمنانہ وجود ہے اور ملک کی تمام فوجی چھاؤنیوں سے امریکی فوجیوں کا انخلا ضروری ہے۔

عراق کی استقامتی تحریک النجباء کے ڈپٹی سیکریٹری نے کہا ہے کہ عراق میں امریکا کی موجودگی دشمنانہ ہے اس لئے اسے فوری طور پر اپنے تمام فوجی اڈے خالی کر دینے چاہئیں۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق استقامتی تحریک النجباء کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل  نصر الشمری نے کہا ہے کہ عراقی استقامتی محاذ کی جانب سے امریکی فوجیوں پر جو کاری ضربیں لگی ہیں  اس سے امریکہ کو معلوم ہو گیا کہ عراقی قوم غیر ملکی افواج کے سامنے جھکنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی فوجیوں نے اتنے جرائم کئے کہ اس کے بعد اس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

عراق کی استقامتی تنظیم کے رہنما نے کہا کہ امریکہ  قبضہ گری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اس لئے اسے عراق سے چلے جانا چاہئیے، بصورت دیگر امریکی مفادات کو نقصان پہنچایا جائے گا۔

عراقی استقامتی محاذ اور اس ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے واشنگٹن میں امریکی صدر جو بائیڈن اور عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے مابین ہونے والی حالیہ ملاقات میں ٹریننگ  کے بہانے امریکی فوجیوں کی موجودگی سے متعلق فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق نے سلامتی کونسل سے فضائی حمایت کی درخواست کی نہ کہ امریکہ سے، جس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ عراق امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا حامی نہیں ہے اور امریکی فوجی غیر قانونی طور پر عراق میں داخل ہوئے تھے۔

ٹیگس