مغربی یمن میں 3 دھماکے
پریس ذرائع کے مطابق جنوب مغربی یمن مین تین شدید دھماکے ہوئے ہیں۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنوب مغربی یمن میں واقع المخا میں ہفتے کے روز تین دھماکے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا کے بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے میزائل حملوں کے نتیجے میں ہوئے ہیں۔ابھی تک ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔
بحیرہ احمر کے کنارے پر واقع المخا بندرگاہ پر اس وقت سعودی آلہ کار فوجیوں کا قبضہ ہے۔اس سے قبل دو برسوں تک اس بندرگاہ پر متحدہ عرب امارات سے وابستہ فوجیوں کا قبضہ تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور بعض دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو جنگ کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔چھے سال سے زائد عرصے سے یمن کے خلاف جاری اس غیر قانونی جنگ اور سعودی جارحیت کے نتیجے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔