لبنان کے لیے ایرانی تیل کی سپلائی امریکی پابندیوں کی موت ہے، حزب اللہ
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے ایران سے لبنان کے لیے تیل کی سپلائی کو امریکہ کے مقابلے میں بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
بیروت میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ امریکی محاصرہ توڑنے کے لیے ایرانی تیل بردار جہازوں کی آمد، امریکہ کے انسانیت سوز مظالم کے مقابلے میں بہت بڑی سیاسی اور اجتماعی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کے موجودہ حالات امریکہ اور اسرائیل کے منشا کے بالکل مخالف سمت میں جارہے ہیں۔شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ یہ بات امریکیوں کے لیے موت کے مترادف ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز لبنان کا محاصرہ توڑے ہوئے لبنانیوں کے لیے یہ حیاتی مادہ لے کر آئے اور امریکہ کچھ بھی نہ کرسکا۔
حزب اللہ کے نائب سربراہ نے کہا کہ جس طرح ہم غاصب صیہونی حکومت کا مقابلہ کر رہے ہیں امریکی محاصرے کے خلاف بھی ڈٹے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ بیروت کی بندرگاہ پر دھماکے اور حکومت کے استعفے کے بعد سے لبنان کئی طرح کے سیاسی اور اقتصادی مسائل سے دوچار ہے اور امریکی پابندیوں نے لبنانی عوام کی مشکلات میں دوچنداں اضافہ کردیا ہے۔