Sep ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • لبنان، نجیب میقاتی حکومت کی تشکیل میں کامیاب

لبنان کی پارلیمنٹ نے پیر کے روز نئے وزیر اعظم نجیب میقاتی کی کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دے دیا ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق لبنان کے اسپیکر نبیہ بری نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم نجیب میقاتی کی کابینہ نے پچاسی ووٹوں کے ذریعے پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل کر لیا ہے۔ پیر کی شام لبنان کے پارلیمانی اجلاس میں ۱۰۰ اراکین موجود تھے تاہم پندرہ اراکین پارلیمنٹ نے لبنان کی نئی حکومت کو ووٹ دینے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ نجیب میقاتی لبنانی صدر کے جانب سے ۲۶ جون کو کابینہ کی تشکیل پر مامور کئے گئے تھے۔ لبنان گزشتہ برس اگست کے مہینے سے باضابطہ حکومت کے بغیر تھا اور حسان دیاب سرکاری امور کی نگرانی کر رہے تھے۔ لبنان میں نئی کابینہ کی تشکیل ایسے حالات میں انجام پائی ہے جب بیروت کو امریکہ کی سخت اور ظالمانہ پابندیوں کا سامنا ہے اور گزشتہ ڈیڑھ برس سے لبنان اقتصادی و معیشتی بحران کا شکار ہے۔

حالیہ ہفتوں میں حزب اللہ لبنان نے ملک کو درپیش متعدد اقتصادی مسائل منجملہ ایندھن کے بحران کے سبب عوام پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کے لئے ایران سے تیل خریدنے کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس پر امریکہ اور صیہونی حکومت خاصے چراغ پا ہو اُٹھے ہیں۔

ٹیگس