Oct ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو۔ یمن
    فائل فوٹو۔ یمن

یمن کی پارلیمنٹ نے اس ملک کے مختلف علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کے حملوں اور بےگناہ یمنی خواتین اور بچوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی پارلیمنٹ نے ایک بیان میں صوبہ صعدہ اور مآرب میں جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں یمنی بچوں کے قتل عام کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی کی مذمت کی ہے۔

یمن کی پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ظالمانہ محاصرہ اور جارحیت بند کرنے کے لئے جارح سعودی اتحاد پردباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیایمن کی پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے یمن کے خلاف جارحیت کرنے والوں کی مذمت کرے اور یمن کے خلاف جارحیت و محاصرہ ختم کرانے اورتمام بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو کھلوانے کے لئے دباؤ ڈالے۔

یاد رہے کہ یمن کے مختلف علاقوں پر جارحین کے فضائی حملوں اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ جارح سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبہ مآرب کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی بمبار طیاروں نے الجوجہ ضلع پر دس بار اور صرواح و العبدیہ نامی اضلاع پر دو بار بمباری کی۔ اسی طرح صوبہ صعدہ کے سرحدی ضلع منبہ پر سعودی فوج کے توپخانوں نے گولہ باری کی جس میں دو عام شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے۔

جارح سعودی اتحاد کے زرخریدوں نے بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ الحدیدہ کو تین سو ایک بار فضائی اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا اور توپخانوں سے گولہ باری کی۔

درایں اثنا مقامی ذرائع نے صوبہ المھرہ میں موجود جارح برطانوی فوجیوں کی جانب سے اپنے ڈرون طیارے کے ملبے کو واپس لینے کی کوششوں کی خبردی ہے۔ برطانیہ کا ایک جاسوس طیارہ اتوار کی شام صوبہ المھرہ کے صدر مقام الغیطہ میں گرکر تباہ ہو گیا تھا۔ یمنی میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ برطانوی فوجیوں نے اپنا ڈرون طیاروہ واپس لینے کے لئے المھرہ قبیلے کے سردار سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی فوجیوں نے اپنے ڈرون کے عوض قبیلے کے سردار کو مالی پیشکش بھی کی ہے۔

یمن میں گرنے والا برطانوی ڈرون RQ 20A ماڈل کا ہے جو برطانیہ کی انٹیلیجنس ایجنسی ہی استعمال کرتی ہے۔ برطانیہ کی یہ جاسوسی کارروائی ایسی حالت میں انجام پائ‏ی ہے کہ اس نے سعودی عرب کے زرخریدوں کی مدد کے لئے اپنی اسپیشل فورس بھی المھرہ میں تعینات کررکھی ہے۔

ٹیگس