سعودی عرب کے ابہا ایر پورٹ پر ڈرون حملہ
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب کے ابہا نامی ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ یمنی فوج کی جانب سے جنوبی سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی جانب ایک ڈرون بھیجا گیا ہے، تاہم سعودی اتحاد نے ہمیشہ کی مانند اس بار بھی دعوی کیا ہے کہ کارروائی سے پہلے ہی اس ڈرون طیارے کا پتہ لگا کر اُسے مار گرایا گیا ہے۔
جارح سعودی اتحاد کے ترجمان نے اپنے دعوؤں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی حفاظت کے لئے لازمی اقدامات انجام دیں گے.
درایں اثنا یمن کے المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ صعدہ کے شدا اور الرقو نامی علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کی گولہ باری میں کم سے کم چار یمنی شہری شہید اور نو زخمی ہوگئے ہیں۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے بھی صوبہ مآرب کے الجوجہ شہر پر تیرہ بار اور اسی صوبے کے العبدیہ ، صرواح اور مدغل نامی شہروں پر چار بار بمباری کی ہے۔
صوبہ الحدیدہ کے العرج نامی علاقے پر بھی جارح سعودی اتحاد کی جانب سے دو مرتبہ بمباری کی گئی۔