Oct ۲۸, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • فلسطینی وزیر اعظم اور یورپی یونین کے نمائندے کی ملاقات

فلسطین کے وزیر اعظم محمد اشتیہ اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سیکریٹری جوزب بورل نے برسلز میں ملاقات و گفتگو کی جس میں علاقائی مسائل من جملہ مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارنا نیوز کے مطابق جوزب بورل نے اس ملاقات میں دعوا کیا کہ یورپی یونین فلسطین کی حکومت و عوام کی حامی ہے۔

یورپی یونین کے نمائندے نے یہ دعوا ایسے عالم میں کیا ہے کہ اُس نے پانچ ماہ قبل غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرنے کے بجائے اُس پر خاموشی اختیار کی۔ صیہونیوں کی اس جارحیت میں کم از کم دوسو تیس فلسطینی شہید اور دو ہزار کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں پینسٹھ بچے، انتالیس خواتین اور سترہ سن رسیدہ افراد شامل تھے۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کے سیکریٹری نے کہا کہ وہ صیہونی حکومت اور فلسطینی حکومت و عوام کے مابین جاری تنازعات کو حل کرنے اور صلح و امن کے فوری قیام کے مقصد سے مؤثر مذاکرات کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

بورل نے فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ سے غزہ میں صیہونی بستیوں کی تعمیری منصوبوں کی توسیع، فلسطینی مکانات کی مسماری اور جبری طور پر فلسطینیوں سے ان کے مکانات اور اراضی کو خالی کرانے کے سلسلے میں بھی گفتگو کی۔

خیال رہے کہ صیہونی حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقوں میں مزید تین ہزار صیہونی مکانات بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ٹیگس