Nov ۰۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • لبنانی وزیر نے حق بات کہی: یمنی وزیراعظم

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم نے لبنان کے وزیر اطلاعات کو حریت پسند قرار دیتے ہوئے بیروت کے ساتھ ریاض سمیت خلیج فارس تعاون کونسل کے بعض رکن ملکوں کی جانب سے تعلقات منقطع کئے جانے پر کڑی تنقید کی ہے۔

سبا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر اعظم عبدالعزیز صالح بن حبتور نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے لبنان کے وزیر اطلاعات کے خلاف ایسی حالت میں زہر اگلنا شروع کیا ہے کہ انھوں نے یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جانب سے جاری جارحیت کے بارے میں حق بات کہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یمن کے خلاف جنگ، ایک وحشیانہ جارحیت ہے جس میں یمن کے عام شہری منجملہ عورتیں اور بچے قتل کئے جاتے رہے ہیں اور یمن میں اسکول، مدارس اور طبی مراکز تک کو تباہ کرنے سے گریز نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات کے ایک ٹی وی انٹرویو کے بعد جو، انہوں نے عہدہ سنبھالے سے پہلے ریکارڈ کرایا تھا، خلیج فارس تعاون تنظیم کے رکن ملکوں خاص طور سے سعودی عرب کے ساتھ لبنان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات جارج قرداحی نے مذکورہ انٹرویو میں جنگ یمن کو فضول قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ سعودی عرب کے ساتھ ساتھ عرب امارات اور بحرین نے جارج قرادحی کے بیان سے چراغ پا ہوکر، لبنان سے اپنے سفیروں کو واپس اور لبنانی سفیروں کو اپنے ملک سے چلے جانے کا حکم دیا ہے۔

ٹیگس