سعودی اور صیہونی دونوں حکومتوں کی ایک مشکل، ماضی سے سبق نہیں سیکھتیں: حزب اللہ لبنان
حزب اللہ کی مرکزی کونسل کے رکن نے کہا ہے کہ لبنان ، سعودی عرب کی دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں ہے۔
المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کی مرکزی کونسل کے رکن حسن البغدادی نے بیروت اور ریاض کے درمیان پیدا ہونے والے بحران پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور صیہونی حکومت کی ایک بنیادی مشکل یہ ہے کہ وہ ماضی کے (اپنے بے سوچے سمجھے) اقدامات سے عبرت حاصل نہیں کرتے۔
حسن البغدادی نے کہا کہ ان غاصب حکومتوں کے سربراہوں کو جان لینا چاہئے کہ لبنان کسی دباؤ اور دھمکی کے سامنے جھکنے والا نہیں ہے۔
یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کی جنگ کی مذمت اور ریاض کے جارحانہ اقدامات روکنے کے مطالبے پر مبنی لبنان کے وزیر اطلاعات و نشریات جارج قرداحی کے حالیہ بیان پر احتجاج کرتے ہوئے سعودی عرب نے بیروت سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے اور لبنانی سفیر کو ریاض سے چلے جانے کا حکم دے دیا۔
سعودی عرب کی خوشنودی کے لئے متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت نے بھی لبنان سے اپنے سفیر واپس بلا لئے ہیں۔