Jan ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • مغرب کی جانب سے داعش کی بھرپور حمایت فاش

عراقی کردستان کی سوشلسٹ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ محمد حاجی محمود نے کہا ہے کہ مغرب کی جانب سے داعش کی مدد و حمایت پوری طرح واضح ہے۔

عراقی کردستان کی سوشلسٹ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے اربیل میں ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دو ہزار چودہ میں امریکہ نے جرمنی، فرانس اور اٹلی جیسے ملکوں کی مدد سے داعش کو جدیدترین ٹیکنالوجی کے حامل فوجی و جنگی ساز و سامان دیئے جبکہ ان کے فوجی بھی داعش میں شامل تھے۔ انھوں نے کہا کہ عراق کو صدام کی بعثی حکومت کے خاتمے کے بعد اپنا تیل منڈی میں اتارنے میں چودہ سال لگ گئے اور عراقی کردستان بارہ سال بعد اپنا تیل فروخت کرسکا لیکن داعش نے امریکہ اور یورپ کی مدد سے تین دن بعد ہی ترکی جیسے ملکوں کو عراق کا تیل بیچنا شروع کردیا تھا۔

محمد حاجی محمود نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے داعش کے موصل سے قریب ہونے اور عراقی کردستان کے حکام سے پہلے ہی اس علاقے کے لئے داعش کے خطرے کو سمجھ لیا تھا کہا کہ ایران اور جنرل قاسم سلیمانی نیز ان کے ساتھیوں نے جن میں سے کچھ شہر مخمور میں شہید بھی ہوگئے سب سے پہلے کردستان زون کی مدد کے لئے آگے بڑھے اور اس علاقے سے داعش کے خطرے کو دور کیا۔ عراقی کردستان کی سوشلسٹ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی طرح ہر شخص اپنے ملک ، قوم ، وطن اور پرچم کا  وفادار و فداکار ہوگا۔

ٹیگس