یمن کے صوبے شبوہ میں سعودی عرب کے 120 آلہ کار ہلاک و زخمی
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے تیل سے مالامال صوبے شبوہ میں سعودی عرب کے 120 آلہ کاروں کو ہلاک و زخمی کر دیا ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ شبوہ میں سعودی اتحاد کے فضائی حملوں کو ناکام بنایا جبکہ 4 بیلسٹیک میزائل سے سعودی اتحاد کےآلہ کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور سعودی اتحاد کے آلہ کاروں اور یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد کے 120 آلہ کار ہلاک و زخمی ہوئےاور ان کی 12 فوجی گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
سعودی عرب نے، امریکہ اور بعض دیگر ملکوں کے حمایت سے یمن کو پچھلی کئی برس سے جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ سات سال سے زائد عرصے سے جاری سعودی امریکی جارحیت اور محاصرے کے نتیجے میں دسیوں لاکھ یمنی شہری، شہید، زخمی، بیمار یا متاثر ہو چکے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی حمایت سے یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی وحشیانہ ترین جارحیت کے باوجود یہ فوجی اتحاد اب تک یمن میں اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کر سکا ہے۔