یمنی فوج کے حملے کے بعد الظفرہ اڈے میں تعینات امریکی فوجی اہلکاروں کا ردعمل
متحدہ عرب امارات میں الظفرہ فوجی ایربیس پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملے کے بعد امریکی فوجی اپنی جان بچانے کے لئے ایک بار پھر پناہ گاہوں میں روپوش ہو گئے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مغربی ایشیا میں امریکی فوجی ہیڈکوارٹر نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں تعینات امریکی فوجی پیر کے روز جب ابوظہبی میں الظفرہ اڈے پر یمنی مسلح افواج کا حملہ ہوا تو پناہ گاہوں میں چھپ گئے۔
اس فوجی اڈے میں امریکی و برطانوی فوجی تعینات ہیں جہاں امریکہ و برطانیہ کے مختلف قسم کے جدید ترین ہتھیار منجملہ ایف پینتیس جنگی طیارے بھی موجود ہیں۔ ابوظہبی میں امریکی سفارت خانے نے بھی اپنے ملک کے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
اس سے قبل سینٹکام کے ترجمان ویلیم اوربن نے اعلان کیا تھا کہ گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی یمنی فوج کے حملوں سے اپنی جان بچانے کے لئے پناہ گاہوں کا رخ کرتے رہے ہیں۔