بمباری کا جواب بمباری سے دیں گے، ایک ایک شہری کی موت کا قصاص لیں گے: وزیر دفاع یمن
یمن کے وزیر دفاع نے جارح ملکوں کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ میں شدت کے باعث یہ جنگ صرف یمن تک محدود نہیں رہے گی۔
وزیر دفاع یمن محمد ناصر العاطفی نے المسیرہ ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ میں مزید شدت پیدا کر کے اس جنگ کو ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے نتیجے میں جنگ کا جغرافیائی دائرہ مزید وسیع ہوگا اور خطے میں امن و استحکام کے مواقع نابود ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جارح ممالک جنگ میں شدت پیدا کر کے یمنی فوج کو اسٹریٹیجک فوجی کارروائیوں پر مجبور کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا اور ذلت آمیز شکست ان کا مقدر ہوگی۔ یمن کے وزیر دفاع نے کا کہنا تھا کہ جارح ممالک پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملے محض ایک انتباہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ جارح ملکوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس ان کے ہوش ٹھکانے لگانے کی پوری قوت اور توانائی رکھتی ہے۔
محمد ناصر العاطفی نے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس عنقریب جارح ملکوں کی تزویراتی گہرائی میں پہنچ کر اہم اور حساس مقامات کو نشانہ بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بمباری کا جواب بمباری سے دیں گے اور ایک ایک شہری کی موت کا قصاص لیں گے۔
یمن کے وزیر دفاع نے یہ بات زور دے کر کہی کہ سارے جارح ممالک مل کر بھی سات برس کے دوران ہمیں شکست نہیں دے سکے اور آئندہ بھی نہیں شکست نہیں دے سکتے۔
واضح رہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اور اماراتی جارحیت کے جواب میں، گزشتہ ہفتے ، دبئی اور ابوظہبی کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔