پاکستان نے ایران کے ساتھ ریلوے تعاون کی توسیع کے لئے قرارداد منظور کی
پاکستان کی سینیٹ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ریلوے تعاون کی توسیع، دونوں ممالک کے مابین مسافر بردار ٹرینوں کی رفت و آمد اور تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے مقصد سے ایک قرارداد منظور کر دی ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق اس قرار داد کو تحریک انصاف کے سینیٹر ذیشان خانزادہ نے پیر کے روز سینیٹ میں پیش کیا تھا جسے پڑوسی مالک کے ساتھ عوامی رابطوں میں توسیع کے مقصد سے پاس کر لیا گیا۔
پاکستان کے سینیٹروں نے علاقائی ممالک منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ریلوے تعاون اور کویٹہ زاہدان مسافربردار ٹرین کے آغاز کے حق میں ووٹ دیا اور حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ذیشان خانزادہ کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے اسلام آباد، تہران، استنبول آئی ٹی آئی مال بردار ٹرین سروس کی بحالی کو اپنی حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ریلوے تعاون میں توسیع حکومت پاکستان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر ریلوے پاکستان نے امید ظاہرکی تھی کہ ای سی او ریلوے کوریڈور کے طفیل میں ایران اور پاکستان کے مابین جلد ہی مال بردار ریلوے سروس کا بھی آغاز ہو جائے گا۔