عسیر محاذ پر جارح سعودی اتحاد کو بھاری شکست
یمن کی مسلح افواج نےعسیر سیکٹر پر جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں کو بھاری شکست سے دوچار کیا ہے۔ اس درمیان سعودی عرب نے یمن کے رہائشی علاقوں پر اپنے وحشیانہ حملے تیز کر دئے ہیں۔
جارح سعودی اتحاد اور اس کے زرخرید ایجنٹوں نے سعودی عرب کے جنوب مشرق میں واقع سرحدی علاقے عسیر میں یمنی فوجیوں کے اڈوں پر کئی حملے کئے ہیں تاہم انھیں ہر بار ذلت آمیز شکست اور بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد یہ خیال کر کے کہ عسیر کے ابواب الحدید علاقے میں یمنی فوج کی دفاعی لائن کمزور ہوگئی ہے، اس علاقے میں مختلف قسم کے ہتھیاروں سے یمنی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تاہم انھیں ہر بار شکست کا سامنا کرناپڑا۔
المسیرہ کی اس رپورٹ کے مطابق اس وقت ابواب الحدید کا علاقہ جارح اتحاد اور اس کے زرخرید ایجنٹوں کو شکار کرنے کی جگہ میں تبدیل ہوچکا ہے اور یمنی فوج اور رضاکار فورس نے اس علاقے میں جارح اتحاد کو کاری ضربیں لگائی ہیں۔
اس درمیان یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اپنے ایک خطاب میں یمن کی رضاکار فورس کی اہمیت پر زور دیا ہے اور ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوج اور رضاکار فورس کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں اور دشمن کی جارحیتوں کا مقابلہ کرنے میں بھرپور تعاون کریں۔
دوسری جانب یمن کی مسلح افواج کی حالیہ پیشقدمی کے بعد جارح سعودی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں میں مظلوم یمنی عوام پر وحشیانہ حملے بڑھا دیئے ہیں۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق زرخرید سعودی جنگجوؤں نے صوبہ صعدہ کے ضلع منبہ کے الرقو علاقے کے بازار پر گولہ باری کی جس کے باعث کم سے کم ایک شخص جاں بحق اور آٹھ شہری زخمی ہوگئے۔
دو روز قبل بھی تین یمنی شہری ضلع شدا کے الدحلہ علاقے پر سعودی توپخانوں نے گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں تین یمنی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے شہری علاقوں پر حملوں کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
درایں اثنا یمنی ذرائع نے صوبہ صعدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہنے کی خبر دی ہے۔ سعودی عرب اور اس کے جارح اتحادی مارچ دو ہزار پندہ سے یمن پر وحشیانہ فوجی حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہیں جبکہ صوبہ صعدہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی بھی بدستور جاری ہے۔
سوئیڈن میں ریاض اور صنعا کے وفود نے الحدیدہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کئے تھے جس پر اٹھارہ دسمبر دوہزار اٹھارہ سے عمل درآمد بھی شروع ہو گیا ہے تاہم سعودی اتحاد ہر روز اس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یمنی فوج کے آپریشنل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی عرب اور اس کے کرائے کے ایجنٹوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دوسو تین بار الحدیدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔