لبنان کے پارلیمانی انتخابات اور یوکرین کی صورتحال پر سید حسن نصر اللہ کا بیان
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ لبنان میں پارلیمانی انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے اور اسے ملتوی کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں، لبنان کی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم لبنان میں پارلیمانی انتخابات کے لئے آمادہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بعض گروہ پارلیمانی انتخابات کو ملتوی کرانے کی کوشش کررہے تھے، لیکن لبنان کے بعض سیاسی گروہوں نے پارلیمانی انتخابات کے مقررہ وقت پر ہونے پر تاکید کی ۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ ہم بعض انتخاباتی حلقوں میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ امیدواروں کی ایک ہی فہرست جاری کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا انتخاباتی نعرہ یہ ہے۔ " ہم ہیں ، ہم حفاظت کریں گے اور لبنان کی تعمیر کریں گے" ۔
انھوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان کے نمائندوں کا اپنا نصب العین ہے جس پر وہ عمل کریں گے اور پارلیمانی انتخابات میں بھر پور شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ لبنانی نمائندے اور لبنانی حکام سب عوام کے خدمت گزار ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے یوکرین کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے بحران کا اصلی ذمہ دار امریکہ ہے، امریکہ دوسرے ممالک میں مداخلت کرکے عدم استحکام پیدا کرتا ہے اور پھر ان ممالک کو تنہا چھوڑ دیتا ہے۔