Apr ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • الحدیدہ میں سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری

میڈیا ذرائع نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبہ الحدیدہ میں ایک سو تیئس بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی خبردی ہے

المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران گولہ باری ، راکٹ حملوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے ایک سو تیئس بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ الجوف کے الحزم اور الغیل نامی اضلاع پر تین بار بمباری کی ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی اتحاد نے بدھ کی صبح دعوی کیا تھا کہ اس نے یمن میں اپنی فوجی کارروائیوں کو روک دیا ہے۔

یاد رہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے گزشتہ سنیچر کی رات کہا تھا کہ صنعا تین تک یکطرفہ طور پرسعودی عرب کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کرتا ہے اوراگر ریاض یمن سے اپنے تمام فوجی باہر نکال لے اور اپنے حملے بند کردے تو اس عارضی جنگ بندی کو دائمی جنگ بندی میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

سعودی عرب کی سربراہی میں یمن مخالف جارح اتحاد نے بھی یمنیوں کی جانب سے جنگ بندی کے جواب میں حملے روکنے کا اعلان کیا لیکن جنگ بندی کے اعلان پر کاربند نہیں رہا بلکہ اس کی پامالی کاسلسلہ جاری رکھا ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ایک فوجی ذریعے نے بتایا ہے کہ جنوبی حدیدہ کے جنگی محاذوں پر سعودی اتحاد کی نئی جارحیتوں کی تعداد ایک سو تین تک پہنچ گئی ہے۔ یمن کے اس فوجی ذریعے نے کہا کہ سعودی اتحاد کی نئی خلاف ورزیوں میں حیس اورالجبلیہ کی فضائی حدود میں جاسوس طیاروں کی پروازوں اور ڈرون طیاروں کےچار حملے شامل ہیں۔

درایں اثنا یمن کی سبا نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر محمد عبدالقدوس نے اعلان کیا ہے کہ ہم جارحیت کو پوری طرح بند کئے جانے اور یمنی قوم کا محاصرہ مکمل طور پر ختم کئے جانے کے خواہاں ہیں اور اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یمن کی سبا نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر نے کہا کہ یمن کے خلاف فضائی حملوں اور محاذ جنگ پر جھڑپوں کا سلسلہ بند ہونے کے ساتھ ہی تمام جارح فوجیوں کو ملک سے نکلنا ہوگا اور یمن کا محاصرہ بھی پوری طرح ختم کرنا پڑے گا۔

سعودی عرب امریکہ متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے۔ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر اور دربدر ہوچکے ہیں ۔ گذشتہ سات برس سے یمن پر تابڑ توڑ حملے کئے جارہے ہیں اس کے باوجود یمنی افواج اپنے ملک کا دفاع کرنے کے ساتھ ہی اپنی دفاعی طاقت بڑھانے اور جارح اتحاد اور اس کے ایجنٹوں پرکاری ضربیں لگانے میں کامیاب رہی ہیں ۔

ٹیگس