Apr ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں بدامنی اور مظاہرے جاری

میڈیا ذرائع نے غرب اردن میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہنے کی خبر دی ہے جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ کچھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بدھ کو غرب اردن کے شہر نابلس پرحملہ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور اکتیس افراد کوشدید زخمی کردیا، اسی طرح شہر الخلیل میں صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کی اورآنسوگیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں دو فلسطینی گولیوں سے زخمی ہوگئے۔

جنوبی بیت لحم میں واقع کالونی الخضرمیں بھی مسلسل تین راتوں سے فلسطینی نوجوانوں اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہورہی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق شمالی الخلیل میں واقع بیت امر کالونی میں فلسطینیوں نے جنین کیمپ کی حمایت میں مظاہرے کئے ۔ صیہونی فوجیوں نے مظاہرین پر حملہ کرکے کئ فلسطینیوں کو شدید زخمی کردیا۔

درایں اثنا فلسطینی استقامتی گروہوں نے ایک بیان میں مختلف علاقوں خاص طور سے جنین میں فلسطینی عوام کی استقامت کی قدردانی کی ۔ استقامتی گروہوں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین کے عوام کا انقلاب صیہونی حکومت کی جارحیت اور زور زبردستی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہے اورابھی حال ہی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کا قتل عام نہایت بےحسی و بےدردی سے جاری ہے اور یہ ایسا جرم ہے جسے صیہونی حکومت کے فوجی ہر روز انجام دے رہے ہیں، تاہم صیہونی حکومت کے خلاف ہرمیدان میں کارروائی تیز کرکے اس کا جواب دیا جائے گا۔

استقامتی گروہوں نے بعض اسلامی اور عرب حکومتوں نیز نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں شہادت پسندانہ کارروائیوں کی مذمت کو یکسرمسترد کردتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس طرح کے موقف سے مسلم امہ اور مسلم حکومتوں کے عزم و ارادے کی عکاسی نہیں ہوتی۔

اس درمیان اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بدھ کو ایک بیان جاری کرکے غاصب صیہونیوں کو قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کے نتائج کی بابت سخت انتباہ دیا ہے۔

قدس کی غاصب صیہونی حکومت کے فوجی انسانیت سوز جرائم کے ساتھ ہی ماہ مبارک رمضان کے آغازسے ہی مقبوضہ بیت المقدس اورغرب اردن کے شہروں اور دیہی علاقوں سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کوگرفتار کررہے ہیں۔

ٹیگس