استقامت کی دفاعی طاقت نے دشمنوں سے جارحیت کی ہمت چھین لی: انصاراللہ
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے سربراہ اور نیشنل سالویشن حکومت کے نگران اعلی نے کہا کہ ہے کہ علاقے میں استقامت کی طاقت جتنا بڑھے گی امریکا اور اسرائیل پر اتنا زیادہ خوف طاری ہوگا
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی دشمن پرحزب اللہ لبنان کی فتح ، گذشتہ سات برسوں میں یمنی عوام کی کو حاصل ہونے والی کامیابی اورعراق و شام سمیت دیگرعلاقوں میں استقامت کی کامیابیاں اس بات کی واضح علامت ہے کہ اگر عوام وعدہ الہی پریقین و اطمینان رکھیں تواللہ تعالی بھی ان کی مدد کرے گا۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے نگران اعلی عبدالملک بدرالدین الحوثی نے مزید کہا کہ دشمن، اجتماعی قتل عام سمیت ہر طرح کے جرم کا ارتکاب کررہا ہے اور اس کے اس ظلم و ستم اور شیطنت و شرانگیزی کو روکنے کے لئے دفاعی طاقت کی ضرورت ہے اور یہ دفاعی قوت صرف مضبوط جہادی اقدامات سے ہی حاصل ہوگی اور مسلم امہ آخرکار مکمل دفاعی قوت و صلاحیت کی مالک بن کر رہے گی ۔
تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ دشمن ، امت اسلامیہ کے خلاف اپنے جرائم انجام دینے کے لئے ہرموقع سے فائدہ اٹھاتا ہے لیکن اگروہ اپنے مقابلے میں کوئی دفاعی طاقت دیکھے گا تو سوبارسوچے گا اور اپنے اندازوں پرنظرثانی کرے گا۔
بدرالدین الحوثی نے کہا کہ قرآن کریم میں اللہ تعالی کا حکم ہے کہ انسان کو طاقت اور طاقت کے وسائل حاصل کرنا چاہئے تاکہ دشمن ہزاروں بار اپنے اندازوں پرنظرثانی کرے اورسمجھ جائے کہ آپ ایک قوی و مضبوط قوم ہیں جسے شکست دینا اور جس پرغلبہ حاصل کرنا مشکل ہے اورجنگ کی صورت میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا ہوگا۔
تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دور حاضر میں امریکہ و اسرائیل کے مقابلے میں استقامت کی واضح مثال ہے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لے کر آج تک ہرمرحلے میں امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف سخت ترین اقدامات کئے ہیں اور وہ دوسروں کو بھی ایران کے ساتھ دشمنی کے لئے اکساتے رہے ہیں لیکن ایران سے شدید عداوت و دشمنی کے باوجود وہ ایران کے خلاف براہ راست جنگ چھیڑنے کی ہمت نہیں رکھتے اورسخت خوف و ہراس کا شکارہیں۔
انہوں نے کہا کہ استقامت کی طاقت جتنا زیادہ مضبوط ہوگی، دشمن پر اتنا زیادہ خوف و ہراس طاری ہوگا اورجارح سعودی اتحاد بھی اس نتیجے پرپہنچ چکا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف جنگ و جارحیت شروع کرکے وہ ایک بڑی دلدل میں پھنس گیا ہے اورروز بروزاس میں دھنستا چلا جا رہا ہے ۔
اس درمیان یمن کے محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اتوار سے صنعا ہوائی اڈوں سے پروازوں کی رفت و آمد شروع ہوجائیں گی دوہزارسولہ سے صنعا کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بند ہے اور اس ہوائی اڈے سے تمام پروازیں معطل ہیں۔
اس سے قبل یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے ملاقات میں کہا تھا کہ ہزاروں یمنی مریض صنعا ایئرپورٹ کھلنے کا انتظارکررہے ہیں اور علاج کے لئے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں ۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے ملاقات میں جنگ بندی سمجھوتے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔
سعودی عرب، امریکہ متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزارپندرہ سے یمن کے خلاف وحشیانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔
یمن پرجارح سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک دسیوں ہزارافراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد بےگھراور دربدرہوچکے ہیں۔