Apr ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۹ Asia/Tehran
  • یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے صیہونی حکومت کے حامی

جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ یمن پر حملہ کرنے والے ممالک صیہونی حکومت کے ہمنوا ہیں اور وہ غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی پردہ پوشی کرتے رہے ہیں۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے صنعا میں فلسطین کی حمایت میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جن ملکوں نے غاصب صیہونی حکومت سے ہاتھ ملایا ہے وہاں کی حکومتیں اپنی اقوام  کو مسلسل کچل رہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ تمام تر مسائل و مشکلات کے باوجود یمن بیت المقدس، مسجد الاقصی اور فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے جو قابل تعریف ہے ۔ 

انھوں نے کہا کہ فلسطینی قوم غاصب صیہونیوں کے مقابلے میں سیف القدس ہاتھ میں پکڑے ہوئے ہے اور وہ جہاد و استقامت کے اپنے عہد کی مکمل پابند ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے کہا کہ  قاتل اور غاصب صیہونی کبھی تاریخی حقائق تبدیل نہیں کر سکتے، نہ ہمیں مرعوب کرسکتے ہیں اور نہ ہی  ہمارا دین اورعقیدہ ہم سے  سلب کرسکتے ہیں۔انھوں  نے کہا کہ ہم یمن میں جنگ بند کرنے اوراس ملک کے محاصرے کا  خاتمہ چاہتے ہیں ۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطین امت مسلمہ کا مرکزی  اور بنیادی مسئلہ ہے، کے زیرعنواں چار روزہ کانفرنس پیر سے صنعا میں شروع ہوئی ہے۔

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر حسین حازب نے اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف قسم کے مسائل و مشکلات منجملہ جنگ و محاصرے کے باوجود فلسطین کا مسئلہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ سات سال سے زائد عرصے سے یمن پر جاری جارحیت، یمنی قوم کو فلسطینی امنگوں اور فلسطینی قوم کی حمایت سے دور نہیں کر سکی ہے۔

اس کانفرنس کی منتظمہ کمیٹی کے سربراہ علی شرف الدین نے بھی اپنے خطاب میں فلسطین کی آزادی کے لئے امت مسلمہ میں بیداری  پیدا کرنے اور تحریک مزاحمت فلسطین کی تقویت کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس