Apr ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • یمن کا قومی مستقبل درخشاں بنانے کی کوشش

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ یمن کا قومی مستقبل مسلسل درخشاں ہوتا جائے گا۔

فارس خبر رسا‍ں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے یمنی عوام پر سعودی اتحاد کی مسلط کردہ جنگ کے بعد ہونے والی فائر بندی کے تناظر میں یمن کی تعمیرنو کے عمل کے بارے میں کہا ہے کہ ہم ہر شعبے میں تعمیرنو اور ترقی کا عمل تیز کرنا چاہتے ہیں اور سخت ترین حالات میں بھی یمن کے مختلف صوبوں میں مسائل و مشکلات پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یمن میں قومی مستقبل کے منصوبے پر عمل شروع کیا گیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں ہم کایماب رہیں گے۔

واضح رہے کہ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جنگ و جارحیت کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ یمنی شہری بے گھر اور در بدر ہوچکے ہیں۔

 سعودی عرب کی جنگی جارحیت کے نتیجے میں یمن کی پچاسی فیصد سے زیادہ بنیادی ڈھانچے تباہ و برباد ہوچکے ہیں اور اس ملک کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمنی عوام کے خلاف جنگ و جارحیت کے گذشتہ سات برسوں کے دوران یمنی مسلح افواج کی جوابی کارروائیوں میں خود سعودی اتحاد کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ٹیگس