امریکی اور ترک فوجیں شام سے باہر نکلیں: دمشق
اقوام متحدہ میں شام کے مندوب نے اپنے ملک میں غیر قانونی طور پر موجود بیرونی فورسز کے باہر نکلنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیوز ایجنسی سانا کے مطابق، بسام صباغ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ شام میں پایداری اور بہتر حالات کی راہ میں رکاوٹ اس ملک میں امریکہ اور ترک فوجوں کی غیر قانونی موجودگی ہے، ان کی طرف سے دہشتگرد گروہوں اور ملیشیا کی حمایت ہے، شام کے تیل، گیس اور زرعی پیداوار جیسے قومی سرمایی کی لوٹ مار اور شامی عوام پر تھوپی گئی اقتصادی دہشتگردی ہے۔
شام کے مندوب نے کہا کہ امریکی حکومت کا، دہشتگرد گروہوں اور ملیشیا گروہوں کے قبضے والے شام کے شمال مشرقی اور شمال مغربی علاقوں میں اقتصادی سرگرمی کے لئے لائسنسس دینے کا فیصلہ، شام کے خودمختاری، اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہونے کے علاوہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔