ترکی کی جرأتیں بڑھیں، عراق پر پھر فضائی حملہ کیا
ترکی کے جنگی طیاروں نے عراق کے صوبے نینوا کے شہر سنجار پر پھر حملہ کیا ہے۔
بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے جنگی طیاروں نے عراق کے صوبے نینوا کے شہر سنجار کی سڑکوں پر بمباری کی۔ ابھی تک اس بمباری سے ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں رپورٹ نہیں ملی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ بدھ کو بھی ترکی نے شمالی عراق بالخصوص دہوک کے علاقے پر فضائی حملے کے ساتھ ہی عراق کے اندر فوجی کارروائی بھی کی تھی ۔
شمالی عراق میں ترک فوج کے ہوائی حملے پر عراق کے استقامتی گروہوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترکی کو خبردار ہے کہ وہ غاصب امریکی فوجیوں کے انجام سے سبق حاصل کرے۔
عصائب اہل الحق تحریک کے سربراہ قیس الخزعلی نے کہا کہ سنجار میں عراقی عوام کے خلاف ترکی کی کھلی جارحیت پر کوئی بھی عراقی شہری جس میں اپنی قوم کے حوالے سے ذرہ برابر بھی غیرت ہوگی ، خاموش نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عراق پر ترکی کے حملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ان میں بظاہر غیرت باقی نہیں رہ گئی ہے، لیکن جہاں تک ہم سے اس کا تعلق ہے تو ہمارے پاس اس سے مقابلے کے لئے بہت سے وسائل ہیں اور ہم ہرگز خاموش نہیں رہیں گے۔
عراق کی ایک اور استقامتی تحریک حزب اللہ عراق نے بھی شمالی عراق کے شہر سنجار کے سنونی علاقے میں ترکی کے فضائی حملےکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔