Jul ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • پاکستان ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈنگ کا خواہاں

پاکستان کے صدر نے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈنگ کا میکینزم جلد سے جلد تیار کئے جانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق کراچی میں ان دنوں عید کی مناسبت سے غیر ملکی سفارتی مراکز کے نمائندوں کی صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی سلسلے کے تحت کراچی میں ایران کے کاؤنسلر جنرل حسن نوریان نے صدر پاکستان سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت و عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے ایران و پاکستان کی سرحدی منڈیوں کے منصوبے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین بالخصوص سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کی توسیع پر زور دیا۔ ساتھ ہی صدرِ پاکستان نے کہا کہ ایران و پاکستان کے مابین بارٹر ٹریڈنگ کا میکینزم اور سرحدی منڈیوں کے قیام کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کر لئے جانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر کراچی میں تعینات ایران کے کاؤنسلر جنرل حسن نوریان نے بھی دونوں دوست اور پڑوسی ممالک کی حکومت و عوام کے لئے کامیابی و سربلندی کی تمنا کرتے ہوئے کہا کہ تہران، پاکستان کے ساتھ تجاری لین دین کو آسان سے آسان تر بنانے اور سرحدی علاقوں میں آباد دونوں ممالک کے باشندوں کی اقتصادی و معیشتی صورتحال کو بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے اسی کے ساتھ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیا اور کہا کہ تہران اسلام آباد کے ساتھ سفارتی تعلقات کی پچھہترویں سالگرہ پر باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔

ٹیگس