Jul ۱۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

فلسطینی عوام نے اس ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کرکے فلسطینی حکام سے کہا کہ وہ بائیڈن کا استقبال نہ کریں۔

آناتولی کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں فلسطینیوں نے جمعرات کو اس ملک کے مختلف علاقوں من جملہ نابلس میں مظاہرے کر کے مقبوضہ علاقے میں امریکی صدر جو بائیڈن کے دورے کی شدید مذمت کی اور فلسطینی انتظامیہ کے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بائیڈن کا استقبال نہ کریں۔

فلسطینیوں نے جمعرات کو غزہ میں بھی ایک بڑا مظاہرہ کر کے واشنگٹن کو اسرائیلی جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔ 

فلسطینی عوام نے اس مظاہرے میں بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ الجزیرہ کی شہید رپورٹر شیرین ابو عاقلہ کے قتل کے حوالے سے واضح اور ٹھوس موقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل کو عالمی صحافتی حلقوں اور بین الاقوامی تنظیموں سے نکال باہر کریں۔

دوسری جانب عوامی مزاحمتی کمیٹیوں کی جانب سے جاری کیے جانے والے مذمتی بیانات میں کہا گیا ہے کہ ایک بھی فلسطینی شہری امریکی صدر کے دورۂ مقبوضہ فلسطین سے خوش نہیں ہے۔ بیانات میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام اور مجاہدین کو امریکی صدر کے دورے کی مخالفت میں تحریک مزاحمت و انتفاضہ تیز تر کر دینا چاہیے۔

امریکی صدر جو بائیڈن بدھ تیرہ جولائی کو اپنے دورۂ مغربی ایشیا کے آغاز میں غاصب صیہونی حکومت کے صدر مقام تل ابیب پہنچے۔

ٹیگس