شام کے وزیر خارجہ بھی آج تہران کے دورے پر
شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد بھی آج بروز منگل تہران کا دورہ کریںگے۔
خبر رساں ایجنسی اسپوتنک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد آج بروز منگل ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ رہے ہیں۔
شام کے وزیر خارجہ اس دورے میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے باہمی تعاون اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔
المقداد ایسے وقت میں تہران کا دورہ کر رہے ہیں کہ جب روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان بھی شام کے بارے میں سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تہران کے مہمان ہیں۔
واضح رہے کہ آج روس، ترکی اور ایران کے صدور کی موجودگی میں آستانہ عمل کے ضامن ملکوں کا سہ فریقی سربراہی اجلاس تہران میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی، روسی صدر ولادیمیر پوتین اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان شرکت کریں گے۔
تینوں ممالک کے صدور شام میں حالیہ پیش رفت اور دہشت گردی بشمول ’’داعش اور پی کے کے‘‘ کے خلاف جنگ اور شامی پناہ گزینوں کی اپنے وطن رضاکارانہ واپسی پر تبادلہ خیال کریں گے۔