فلسطینی تنظیموں نے بحرین کی معزول وزیر سے اپنی حمایت کا اعلان کر دیا
فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی مخالفت کی بنا پر معزول کر دی گئیں بحرین کی خاتون وزیر کے ساتھ اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
چند روز قبل منامہ میں متعین امریکی سفیر کی رہائشگاہ میں ایک تقریب ہوئی جس میں، بحرین کی خاتون وزیر ثقافتی میراث مئی بنت محمد آل خلیفہ نے نہ صرف صیہونی سفیر سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کھل کر مخالفت بھی کی۔
ان کے اس اقدام کی پاداش میں اسرائیل نواز بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے انہیں ان کےعہدے سے برطرف کردیا۔ارنا نیوز نے فسلطینی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی نے بحرین کی معزول شدہ خاتون وزیر می بنت محمد آل خلیفہ سے اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کی قدردانی کی۔
جہاد اسلامی کے میڈیا سیل کے ترجمان طارق سلمی نے کہا کہ یہ تنظیم بحرین کی خاتون وزیر کے عملی اور دلیرانہ اور ٹھوس اقدام سے اپنی حمایت کا اعلان کرتی ہے کہ جنہوں نے صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے خلاف واضح موقف اختیار کیا۔
جہاد اسلامی تنظیم کے ترجمان نے اپنی پریس ریلیز میں فلسطین کی حمایت اور صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی مخالفت کرنے والی می بنت محمد آل خلیفہ اور سبھی بحرینی عوام پر سلام بھیجا۔
اس سے قبل فلسطینی تنظیموں حماس اور مجاہدین فلسطین نے بھی بحرینی وزیر کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان سے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس اور ارضِ فلسطین پر قابض صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا چلن بڑھتا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں بحرین کی آل خلیفہ حکومت بھی پیش پیش ہے۔