Jul ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • امریکہ افغانستان کے اثاثے غیر مشروط طور پر بحال کرے: طالبان

طالبان انتظامیہ کہ وزیر خارجہ نے امریکہ سے فوری طور پر افغانستان کے منجمد اثاثوں کو بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

منگل کے روز طالبان انتظامیہ کے وزیر خارجہ امیرخان متقی نے تاشقند میں افغانستان سے متعلق بین الاقوامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ افغانستان پر عائد اقتصادی پابندیوں نے مختلف اداروں کی سرگرمیوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

افغانستان کے موضوع پر ہونے والے اس اجلاس کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عام شہری سب سے زیادہ معاشی پابندیوں کی زد میں آئے ہیں۔ امیرخان متقی نے مزید کہا کہ ایک طرف افغان عوام امریکہ کی بیس سالہ جنگ کا خمیازہ بھگت رہے ہیں تو دوسری جانب واشنگٹن کی پابندیوں نے انہیں غربت میں دھکیل دیا ہے۔

طالبان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی پابندیوں نے غیرملکی سرمایہ کاری اور مالی امداد کا راستہ بھی بند کیا ہے اور بینکاری اور فائننشل نظام میں خلل بھی پیدا کیا ہے جس سے افغان معاشرہ ابتری سے دوچار ہوگیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دو روزہ بین الاقوامی تاشقند اجلاس افغانستان کی سلامتی اور اقتصادی ترقی کے موضوع پر منگل کی صبح ایک دن کی تاخیر کے ساتھ شروع ہوا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے خصوصی مندوب برائے افغانستان حسن کاظمی قمی نے بھی شرکت کی ہے۔ 

ٹیگس